جمعہ 24 جولائی 2026 - 13:06
کولنگ پہاڑ بہانہ / ایرانی قوم اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری قوت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرے گی

حوزہ / ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ وسطی ایران کے کولنگ پہاڑ کے بارے میں امریکہ کی غیر معمولی اور جنونی توجہ درحقیقت ایران کے خلاف جارحیت اور تباہ کن اقدامات کا بہانہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمہوریہ اسلامی ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ وسطی ایران کے کولنگ پہاڑ کے بارے میں امریکہ کی غیر معمولی اور جنونی توجہ درحقیقت ایران کے خلاف جارحیت اور تباہ کن اقدامات کا بہانہ ہے کیونکہ اس مقام پر کسی قسم کی جوہری سرگرمی موجود نہیں۔

اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں امریکی حکام کی جانب سے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملے کی دھمکیاں اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے متعلقہ فیصلوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا: امریکہ کے یہ اقدامات اس حقیقت کو آشکار کرتے ہیں کہ واشنگٹن ایران کی سائنسی، تکنیکی اور قومی ترقی کا مخالف ہے اور مختلف بہانوں سے اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ طے شدہ حفاظتی معاہدوں (Safeguards) کے تحت رجسٹرڈ، شفاف اور باقاعدہ طور پر اعلان شدہ ہیں۔

اسماعیل بقائی نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: امریکی دھمکیوں کے مقابلے میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کہاں ہیں؟ عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی اور اشتعال انگیز بیانات پر مؤثر ردعمل دے۔

اسماعیل بقائی نے اپنے بیان کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایرانی قوم اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی امریکی جارحیت اور دھمکی کا پوری قوت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنانی صدر جوزف عون کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اگر ایران کولنگ پہاڑ پر کسی نئی جوہری تنصیب کی تعمیر کی کوشش کرے گا تو امریکہ اسے نشانہ بنائے گا۔ ٹرمپ نے کہا: جہاں بھی جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا شبہ ہوگا، امریکہ بھرپور طاقت کے ساتھ کارروائی کرے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha